(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لندن) برطانیہ میں آئندہ چند روز کے دوران شدید اور غیر معمولی گرمی کی لہر آنے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے جبکہ محکمۂ صحت نے ہیٹ ہیلتھ الرٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔
میٹ آفس کے مطابق جمعہ سے برطانیہ میں “غیر معمولی حد تک گرم موسم” شروع ہو گا جو آئندہ پانچ دن تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت پیر کے روز عروج پر پہنچنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (UKHSA) نے ویسٹ مڈلینڈز، ایسٹ مڈلینڈز، لندن، ساؤتھ ایسٹ اور ایسٹ آف انگلینڈ کیلئے ہیٹ ہیلتھ الرٹس جاری کیے ہیں۔
الرٹ کے مطابق گرمی کی لہر جمعہ صبح 9 بجے شروع ہو گی اور اگلے بدھ شام 5 بجے تک برقرار رہ سکتی ہے۔
میٹ آفس کے ڈپٹی چیف فورکاسٹر گریگ وولورسن نے کہا کہ بینک ہالیڈے ویک اینڈ کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں گرم اور خشک موسم رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ کے شمال مغربی علاقوں میں نسبتاً ٹھنڈا موسم اور بارش کا امکان موجود ہے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے دوران جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچتا ہے تو یہ مئی کے مہینے میں ایک غیر معمولی صورتحال ہو گی، کیونکہ آخری مرتبہ مئی میں اتنی گرمی 2012 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسکائی نیوز کی موسمیاتی ماہر جو ویلر نے کہا ہے کہ آنے والے دن رواں سال کے اب تک کے گرم ترین دن ثابت ہو سکتے ہیں۔
