(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم سٹی کونسل کے ریفارم یوکے سے نومنتخب کونسلر Darren Colling ڈیرن کولنگ سوشل میڈیا پر نوجوان خواتین سے متعلق مبینہ نامناسب تبصروں کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
56 سالہ ڈیرن کولنگ، جو شیلڈن وارڈ سے منتخب ہوئے ہیں، نے حلف اٹھانے سے قبل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے متعدد پوسٹس حذف کر دی تھیں تاہم ان کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق ان پوسٹس میں نوجوان خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز پر “اسٹننگ”، “یمی” اور دیگر تبصرے شامل تھے، جنہیں بعض صارفین نے “نامناسب”، “نفرت انگیز” اور “خواتین مخالف” قرار دیا۔
یہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد ریفارم یوکے کی برمنگھم قیادت کیلئے پہلا بڑا امتحان بن گیا ہے۔
Jex Parkin جیکس پارکن، جو ریفارم یوکے کے 23 رکنی گروپ کے نئے لیڈر منتخب ہوئے ہیں، نے کہا کہ انہیں ان پوسٹس کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ “یہ پوسٹس پڑھنے میں یقیناً غیر آرام دہ محسوس ہوتی ہیں، تاہم ان میں کوئی غیر قانونی بات یا ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔”
جیکس پارکن کے مطابق ڈیرن کولنگ نے معاملے پر وضاحت دی اور اپنی غلطی کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریفارم یوکے کے تمام کونسلرز سخت عوامی نگرانی میں ہیں اور کسی بھی نامناسب رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پارکن نے مزید کہا کہ پارٹی کی جانچ پڑتال کا معیار بہت بلند ہے اور اگر کسی رکن کی جانب سے سنگین غیر مناسب رویہ سامنے آیا تو فوری کارروائی کی جائے گی۔
ڈیرن کولنگ نے شیَلڈن وارڈ میں 2 ہزار 102 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کی ساتھی امیدوار Rachel Ann Conaghan ریچل این کوناہن نے 2 ہزار 6 ووٹ حاصل کیے۔
برمنگھم سٹی کونسل کی موجودہ سیاسی صورتحال کے مطابق ریفارم یوکے 23 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے جبکہ گرین پارٹی 19، لیبر 17، کنزرویٹو 16، آزاد امیدوار 13، لبرل ڈیموکریٹس 12 اور ورکرز پارٹی ایک نشست رکھتی ہے۔
