(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم سٹی کونسل کے ایک پروقار اجلاس میں زاکر چوہدری کو شہر کا نیا لارڈ میئر منتخب کر لیا گیا۔
یہ غیر سیاسی عہدہ شہر کی نمائندگی کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے جبکہ تقریب میں ان کی آمد پر خصوصی ٹرمپٹ پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
اجلاس کے دوران معروف راک بینڈ بلیک سبتھ کے لیجنڈ ٹونی آئومی اور برمنگھم سٹی فٹبال کلب کے چیئرمین ٹام ویگنر کو بھی اس سال کے لارڈ میئر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ٹونی آئومی ذاتی طور پر کونسل چیمبر میں موجود تھے جہاں سابق لارڈ میئر ظفر اقبال نے انہیں ایوارڈ پیش کیا۔
سابق لارڈ میئر ظفر اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“لارڈ میئر ایوارڈز برمنگھم کے بہترین افراد اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے شہر اور اس کے عوام کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔”
انہوں نے کہا:
“ٹونی آئومی اور ٹام ویگنر جیسے عالمی شہرت یافتہ افراد سے لے کر کمیونٹیز میں خاموشی سے کام کرنے والے افراد تک، ہر ایوارڈ یافتہ نے برمنگھم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”
تقریب کو برمنگھم کی ثقافتی، سماجی اور کمیونٹی خدمات کو سراہنے کیلئے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
