(تکبیر نیوز—- برطانیہ، سولیہل) برطانیہ کے علاقے سولیہل میں ایک دکاندار نوجوان کا تلوار لے کر تعاقب کرنے کے واقعے کے بعد جیل کی سزا کے خطرے سے دوچار ہو گیا۔
49 سالہ Daminda Heradh دامندا ہیراڈھ نے برمنگھم مجسٹریٹ کورٹ میں اپنے خلاف تیز دھار ہتھیار رکھنے کے الزام کا اعتراف کر لیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ یہ واقعہ 4 اپریل کو اس وقت پیش آیا جب مقامی افراد کی جانب سے مبینہ طور پر مسلسل ہراسانی کے بعد دکاندار مشتعل ہو گیا۔
استغاثہ کی وکیل زوزانا پوگورزیلسکا نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کو ایک سپر مارکیٹ کے باہر عوام کی جانب سے اطلاع دی گئی جہاں ایک شخص کو تلوار لے کر نوجوان کے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
واقعے کی ویڈیو بھی پولیس کو فراہم کی گئی جس میں ملزم نوجوان کا تعاقب کرتا دکھائی دیا۔
دفاعی وکیل نصیر عدالت نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو کئی ہفتوں سے مقامی نوجوان مسلسل ہراساں کر رہے تھے جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔
وکیل نے کہا کہ یہ ایک وقتی ردعمل تھا اور ملزم صرف نوجوانوں کو ڈرانا چاہتا تھا، اس کا کسی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ دامندا ہیراڈھ کا اس سے قبل کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور وہ اچھے کردار کے حامل شخص سمجھے جاتے تھے۔
عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے 14 اگست تک پری سینٹنس رپورٹ طلب کر لی جبکہ بینچ کے چیئرمین نے خبردار کیا کہ عدالت قانون کے مطابق قید سمیت کسی بھی سزا کا حکم دے سکتی ہے۔
