ایکسٹر (تکبیر نیوز) سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ کی سابق رکن این وِڈیکومب کے مبینہ قتل کی تحقیقات کرنے والی پولیس نے کہا ہے کہ 28 سالہ شخص کی گرفتاری کے بعد اس کیس میں مزید کسی شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی۔
پولیس کے مطابق این وِڈیکومب جمعرات 9 جولائی کو صبح تقریباً 11 بج کر 40 منٹ پر ڈارٹ مور کے علاقے ہیٹر میں اپنے گھر پر مردہ پائی گئی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انہیں شدید نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں اور واقعے کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔
ڈیون اینڈ کارن وال پولیس نے بتایا کہ ہفتہ 11 جولائی کی رات 9 بجے کے بعد ساؤتھ یارکشائر کے علاقے روتھرہم میں ایک 28 سالہ سفید فام برطانوی شخص کو قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔
ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
اتوار 12 جولائی کو ایک مختصر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل میٹ لانگ مین نے کہا کہ اس مرحلے پر واقعے کے سیاسی محرک سے جڑے ہونے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو ایسی کوئی معلومات بھی نہیں ملی ہیں جن سے یہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق قرار دیا جاسکے۔
پولیس افسر کے مطابق قتل کے سلسلے میں فی الحال مزید کسی شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی، تاہم تفتیش کار ممکنہ محرک کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر کھلے ذہن کے ساتھ تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ 28 سالہ مشتبہ شخص کی گرفتاری کاؤنٹر ٹیررازم پولیس نارتھ ایسٹ اور ساؤتھ یارکشائر پولیس کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔
این وِڈیکومب کے خاندان کو تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ خصوصی پولیس افسران ان کی معاونت کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر حفاظتی حصار بدستور قائم ہے اور تفتیشی کارروائی آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
علاقے میں شہریوں کو اعتماد فراہم کرنے کے لیے آنے والے ہفتوں کے دوران پولیس کی اضافی نفری بھی موجود رہے گی۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ اس وقت عوام کو کسی وسیع خطرے سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔
اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل میٹ لانگ مین نے بتایا کہ پولیس کو تحقیقات میں مدد کے لیے میجر انسیڈنٹ پبلک پورٹل کے ذریعے 120 سے زائد اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔
انہوں نے ایسے افراد سے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی جن کے پاس واقعے سے متعلق معلومات، تصاویر یا ویڈیو فوٹیج موجود ہے۔
پولیس نے عوام سے واقعے کے ممکنہ محرک کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
حکام کے مطابق غیر مصدقہ قیاس آرائیاں نہ صرف تحقیقات کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں بلکہ این وِڈیکومب کے خاندان اور دوستوں کے لیے بھی مزید پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں۔
چیف کانسٹیبل جیمز وان نے مختلف پولیس فورسز کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تحقیقات انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھی ہیں اور ایک مشتبہ شخص اب پولیس کی حراست میں ہے۔
پولیس کا خیال ہے کہ این وِڈیکومب پر بدھ کو دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے حملہ کیا گیا تھا، جبکہ ان کی لاش تقریباً 24 گھنٹے بعد دریافت ہوئی۔
تحقیقاتی افسران اب ان کی آخری سرگرمیوں اور رابطوں کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
