تکبیر نیوز (لندن): برطانیہ میں انسدادِ دہشت گردی پولیس نے آر اے ایف فیئرفورڈ کے قریب گزشتہ ماہ پیش آنے والی مشتبہ سرگرمیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں 22 سالہ برطانوی شہری کو لندن کے ویسٹ منسٹر سے گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد اس کیس میں گرفتاریوں کی مجموعی تعداد سات ہوگئی ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے مطابق اس شخص کو منگل 6 اکتوبر کو Terrorism Act 2006 کی دفعہ 5 کے تحت دہشت گردی کی کارروائیوں کی تیاری کے شبے میں حراست میں لیا گیا۔ اسی علاقے میں ایک پراپرٹی کی تلاشی بھی لی گئی۔
یہ تحقیقات 27 ستمبر کو گلوسٹرشائر میں آر اے ایف فیئرفورڈ کے قریب پیش آنے والے واقعے کے بعد شروع ہوئی تھیں، جہاں پولیس نے ابتدائی طور پر پانچ برطانوی شہریوں کو حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں یکم اکتوبر کو ایک اور شخص کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پہلے گرفتار چھ افراد ضمانت پر رہا
پولیس کے مطابق اس کیس میں پہلے گرفتار کیے گئے چھ افراد کو تحقیقات جاری رہنے کے دوران ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
تازہ گرفتاری کے بعد پولیس اب بھی واقعے کے پس منظر اور ممکنہ محرکات سے متعلق متعدد پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔
تحقیقات اب بھی جاری
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کی سینئر نیشنل کوآرڈینیٹر وکی ایونز نے کہا کہ تحقیقات بدستور جاری ہیں اور خصوصی ٹیمیں واقعے سے متعلق متعدد ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس عوامی دلچسپی سے آگاہ ہے اور گلوسٹرشائر میں پیش آنے والے واقعات کے محرکات معلوم کرنے کے لیے تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ مبینہ طور پر کس نوعیت کی دہشت گردی کی تیاری کی جا رہی تھی یا تازہ گرفتار شخص کا سابقہ گرفتار افراد سے کیا ممکنہ تعلق ہے۔
آر اے ایف فیئرفورڈ برطانیہ میں واقع ایک اہم فوجی فضائی اڈہ ہے، جہاں امریکی فضائیہ کے طیارے بھی تعینات رہے ہیں۔ تاہم موجودہ تحقیقات میں کسی بھی ممکنہ بیرونی ریاستی تعلق کے بارے میں پولیس نے ابھی کوئی حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا ہے۔
پولیس نے واقعے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے انسدادِ دہشت گردی ہاٹ لائن کے ذریعے رابطے کی اپیل بھی کی ہے۔
