ایسٹ یارکشائر: برطانیہ کے علاقے ہارنسی (Hornsea) کے ساحل پر سمندر میں لاپتا ہونے والے 13 سالہ لڑکے کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
ہمبرسائیڈ پولیس کے مطابق منگل کی شام تقریباً 6 بجے ہارنسی کے ساؤتھ پرومینیڈ ساحلی علاقے سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک 13 سالہ لڑکا سمندر میں نہاتے ہوئے مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی برٹش کوسٹ گارڈ (HM Coastguard)، ہارنسی اِن شور ریسکیو (Hornsea Inshore Rescue)، رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹی ٹیوشن (RNLI) اور پولیس نے مشترکہ طور پر وسیع سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی کہ تلاش کے دوران ایک لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بارے میں یقین کیا جا رہا ہے کہ وہ لاپتا 13 سالہ لڑکے کی ہے۔
چیف سپرنٹنڈنٹ فل بُکر نے کہا کہ یہ ایک نہایت افسوسناک انجام ہے اور اس مشکل گھڑی میں پولیس کی تمام تر ہمدردیاں لڑکے کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔
واقعے کے دوران لی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں لائف بوٹ اور کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹر کو سرچ آپریشن میں حصہ لیتے دیکھا گیا۔
یہ واقعہ اس مقام سے تقریباً 20 میل کے فاصلے پر پیش آیا جہاں رواں سال جنوری میں 15 سالہ گریس کیلنگ سمندر کی لہروں کی نذر ہوگئی تھیں۔ اس حادثے میں ان کی والدہ سارہ کیلنگ اور انہیں بچانے کے لیے پانی میں اترنے والے مارک ریٹکلف بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
