سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلہ، انعام وینس گروپ کے دو ملزمان ہلاک
تکبیر نیوز (سرگودھا): پنجاب کے ضلع سرگودھا میں بھلوال کے قریب کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پولیس اور مسلح افراد کے درمیان مبینہ مقابلے میں انعام وینس گروپ کے دو ملزمان ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق سی سی ڈی ٹیم مخبر کی اطلاع پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں پہنچی تو مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 12 جنوبی کے رہائشی احسان کہوٹ اور نبی شاہ بالا کے رہائشی جواد شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
