برائٹن بیچ پر مبینہ زیادتی کا مقدمہ، 28 سالہ شخص پر دو الزامات عائد
تکبیر نیوز (برائٹن): برطانیہ کے ساحلی شہر برائٹن میں ایک خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں 28 سالہ شخص پر دو الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد حراست میں بھیج دیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی اگلی سماعت 18 دسمبر کو لیوس کراؤن کورٹ میں ہوگی۔
سسیکس پولیس کے مطابق بیس کی دہائی میں موجود ایک خاتون نے اطلاع دی تھی کہ 4 اگست 2026 کی رات برائٹن بیچ پر واقع آئی تھری سکسٹی (i360) ٹاور کے قریب ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے 5 اگست کو 28 سالہ اولیکسینڈر برائنڈزئی (Oleksandr Bryndzei) کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم کا تعلق یوکرین سے بتایا گیا ہے اور وہ لندن کے علاقے اسٹریٹفورڈ میں میجر روڈ کا رہائشی ہے۔ ابتدائی گرفتاری کے بعد اسے تحقیقات مکمل ہونے تک مشروط ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو 20 نومبر کو دوبارہ گرفتار کیا گیا اور اس کے خلاف زیادتی کے دو الزامات عائد کیے گئے۔ اسے ہفتے کے روز برائٹن مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے مزید عدالتی کارروائی تک حراست میں بھیج دیا گیا۔
مقدمے کی اگلی سماعت 18 دسمبر کو لیوس کراؤن کورٹ میں مقرر کی گئی ہے۔
سسیکس پولیس کی پبلک پروٹیکشن ڈیٹیکٹو انسپکٹر کیرولین جیفری نے کہا کہ تحقیقات کے دوران متعدد اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص پر دو الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس ایسے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت، گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔
پولیس کے مطابق برائٹن کے ساحلی علاقے میں عوام کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور خواتین و لڑکیوں کی حفاظت کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ملزم پر عائد الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور مقدمے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔
