سائنسدانوں کی نئی دریافت، جینیاتی بیماری رات کی بینائی متاثر کرنے لگی
تکبیر نیوز (لاہور): سائنسدانوں نے آنکھوں کی ایک نئی موروثی بیماری کی نشاندہی کی ہے جو بتدریج انسان کی رات میں دیکھنے کی صلاحیت اور اطرافی نظر کو متاثر کرتی ہے، جبکہ بیماری کے ابتدائی مراحل میں مرکزی بینائی معمول کے مطابق برقرار رہ سکتی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے اس بیماری کو EFEMP1 نامی جین میں مخصوص جینیاتی تبدیلی سے منسلک کیا ہے۔ محققین فی الحال اسے EFEMP1 سے وابستہ دیر سے ظاہر ہونے والی ریٹینا کی تنزلی (Late-Onset Retinal Degeneration) قرار دے رہے ہیں۔
تحقیق طبی جریدے جاما آفتھلمولوجی (JAMA Ophthalmology) میں شائع ہوئی، جس میں امریکا کی یونیورسٹی آف پنسلوانیا سمیت مختلف عالمی اداروں کے ماہرین نے حصہ لیا۔ تحقیق میں EFEMP1 جین کی ایک مخصوص تبدیلی، جسے p.Arg140Trp کہا جاتا ہے، کو اس بیماری سے منسلک پایا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ بیماری آنکھ کے پردے کے بیرونی حصوں اور روشنی محسوس کرنے والے مخصوص خلیات کو متاثر کرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں متاثرہ افراد کو اندھیرے میں دیکھنے، رات کے وقت راستہ پہچاننے اور اطراف میں موجود اشیا کو محسوس کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، تاہم ابتدا میں آنکھوں کی مرکزی بینائی محفوظ رہتی ہے۔
تحقیق کے مطابق روشنی سے اچانک اندھیرے میں جانے کے بعد آنکھ کے مخصوص خلیات کو معمول کی کارکردگی بحال کرنے میں غیر معمولی طور پر زیادہ وقت لگتا ہے۔ یہ خرابی اس وقت بھی موجود ہو سکتی ہے جب آنکھ کے پردے کی ساخت طبی معائنے میں بظاہر معمول کے مطابق دکھائی دے رہی ہو۔
محققین نے تین مختلف خاندانوں کے افراد کا جائزہ لیا، جن میں اس جینیاتی تبدیلی کی موجودگی اور بینائی متاثر ہونے کے شواہد سامنے آئے۔ بعض افراد میں علامات درمیانی عمر کے بعد ظاہر ہوئیں، جبکہ کچھ میں مرکزی بینائی معمول کے مطابق ہونے کے باوجود اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت متاثر پائی گئی۔
سائنسدانوں کے مطابق اس بیماری کی ابتدائی علامات کا سراغ 1998ء میں امریکا کے ایک خاندان میں غیر معمولی بینائی کی کمی کے مشاہدے سے ملا تھا۔ بعد ازاں یورپ کے مختلف خاندانوں میں بھی ایسی علامات سامنے آئیں اور جینیاتی تحقیق کے ذریعے ان کا تعلق EFEMP1 جین کی مخصوص تبدیلی سے جوڑا گیا۔
تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ اس جینیاتی بیماری کے پھیلاؤ اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد کے بارے میں فی الحال درست اندازہ موجود نہیں۔ اس کے لیے مزید بڑے پیمانے پر تحقیق درکار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نایاب بیماری کی بہتر تفہیم سے آنکھوں کے پردے کو متاثر کرنے والی دیگر بیماریوں، خصوصاً عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والی تبدیلیوں کو سمجھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
