ڈورسیٹ: پیزا شاپ پر حملہ آور کو دکاندار نے غیر مسلح کر دیا، ملزم کو قید
تکبیر نیوز (فرینڈاؤن): برطانیہ کے علاقے ڈورسیٹ میں پیزا شاپ کے عملے نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچیٹ (بڑی دھار دار چھری) سے حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو قابو کرکے غیر مسلح کر دیا۔ واقعے میں ملوث 41 سالہ ملزم الیگزینڈر کیتھ لیوک کو عدالت نے 18 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
ڈورسیٹ پولیس کے مطابق 22 جون 2026 کو رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر ملزم الیگزینڈر کیتھ لیوک فرینڈاؤن کے علاقے ٹربری روڈ پر واقع پیزریلا (Pizzarella) میں داخل ہوا اور کاؤنٹر کے پیچھے عملے کے حصے میں پہنچ گیا۔
ملزم نے اپنی آستین سے مچیٹ نکالی اور ایک ملازم کی جانب وار کیا، تاہم وہ بال بال بچ گیا۔ اس موقع پر دکان کے منیجر مصطفیٰ نے ملزم کو قابو کرکے زمین پر گرا دیا، جبکہ ایک ساتھی ملازم نے مچیٹ چھین کر اسے غیر مسلح کر دیا۔ اسی دوران ایک گاہک نے پولیس کو اطلاع دی۔
عملے نے ملزم کو دکان سے باہر نکال دیا۔ پولیس ڈاگ یونٹ نے کچھ ہی دیر بعد اسے قریبی علاقے سے تلاش کرکے گرفتار کر لیا۔
ڈورسیٹ پولیس کے مطابق الیگزینڈر کیتھ لیوک، جو فرینڈاؤن کا رہائشی ہے، 17 نومبر 2026 کو بورن ماؤتھ کراؤن کورٹ میں پیش ہوا، جہاں اسے افرا فری (Affray) اور دھار دار ہتھیار رکھنے کے جرائم میں مجموعی طور پر 18 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ معطل سزا کی شرائط کی خلاف ورزی پر مزید تین ماہ قید بھی سنائی گئی۔
ڈورسیٹ پولیس کی ڈیٹیکٹو کانسٹیبل ایلا مے کولڈویل نے پیزا شاپ کے عملے کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین نے انتہائی حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کا مقابلہ کیا اور اسے غیر مسلح کیا۔ انہوں نے پولیس کی فوری کارروائی کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں ملزم کو جلد گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق چاقو اور دیگر دھار دار ہتھیاروں سے متعلق جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
