احمدپور شرقیہ میں خوفناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، ایک زخمی
تکبیر نیوز (احمدپور شرقیہ): پنجاب کے علاقے احمدپور شرقیہ میں پتھروں سے بھرا ٹرک سڑک پر کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پتھروں سے بھرا ٹرک سڑک پر کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا۔ تصادم کے نتیجے میں لوڈر ڈالے میں سوار افراد اس کے نیچے دب گئے۔
اطلاعات کے مطابق لوڈر ڈالے پر مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے، جن میں سے آٹھ افراد حادثے کے وقت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک اور لوڈر ڈالے کے نیچے دبے سات افراد کی لاشیں نکال لیں، جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں باہر نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ حکام امدادی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار افراد خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جا رہے تھے۔ حادثے کی مزید تفصیلات اور اسباب سے متعلق معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔
