ڈسکہ میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق
تکبیر نیوز (ڈسکہ): پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ کار ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق حادثہ ڈسکہ کے علاقے جیسروالا میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 22 سالہ دانیال کے نام سے ہوئی ہے، جو سیالکوٹ کا رہائشی تھا۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر سول ہسپتال ڈسکہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
