اسکاٹ لینڈ: گاڑی چور خاتون کو اسی کی کار سے ٹکر مار کر فرار
تکبیر نیوز (پریسٹن پینز): اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایسٹ لوتھیان میں دو نامعلوم افراد نے ایک خاتون کی گاڑی چوری کرنے کے دوران انہیں اسی گاڑی سے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے عوام سے مدد طلب کر لی ہے۔
پولیس اسکاٹ لینڈ کے مطابق ہفتہ 21 نومبر 2026 کی صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر 44 سالہ خاتون پریسٹن پینز کے علاقے پریسٹن ایونیو میں اپنی گاڑی سے برف صاف کر رہی تھیں کہ اسی دوران دو افراد وہاں پہنچے اور گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہونے لگے۔
خاتون نے گاڑی چوری ہونے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے گاڑی آگے بڑھائی اور خاتون اسی گاڑی کی زد میں آ کر زخمی ہو گئیں۔ انہیں علاج کے لیے ایڈنبرا کے رائل انفرمری اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والی گاڑی گہرے نیلے رنگ کی مزدا CX-5 تھی۔ یہ گاڑی اتوار 22 نومبر کو مسلبرا کے علاقے ڈیلٹا ڈرائیو سے برآمد کر لی گئی، تاہم اس کی اصل نمبر پلیٹس تبدیل کر کے دوسری نمبر پلیٹس لگا دی گئی تھیں۔
پولیس نے دونوں مشتبہ افراد کا حلیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ سفید فام، تقریباً چھ فٹ قد کے حامل اور سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے۔
پولیس اسکاٹ لینڈ کی سارجنٹ جولی رائے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پریسٹن ایونیو اور ڈیلٹا ڈرائیو کے علاقوں میں رہنے والے افراد اپنے ڈور بیل کیمروں اور گاڑیوں کے ڈیش کیم کی ریکارڈنگ چیک کریں۔ اگر کسی نے مشتبہ افراد یا چوری شدہ گاڑی کو دیکھا ہو تو پولیس سے رابطہ کرے۔
معلومات فراہم کرنے والے افراد پولیس اسکاٹ لینڈ کی ہیلپ لائن 101 پر رابطہ کرکے واقعہ نمبر 0605 مورخہ 21 نومبر 2026 بتائیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دونوں مشتبہ افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
