تکبیر نیوز (برمنگھم): برمنگھم کے پہلے حلال فوڈ ہال میں افتتاح کے صرف چھ ماہ بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس سے دو منزلہ عمارت کے دونوں فلور متاثر ہوئے اور پورے احاطے کو دھوئیں سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کے مطابق فائر فائٹرز کو جمعرات کی رات ساڑھے 12 بجے سے کچھ دیر قبل برمنگھم کے علاقے ڈگبتھ میں ایلیسن اسٹریٹ پر واقع آرٹ کوارٹر طلب کیا گیا۔
فائر فائٹرز کے پہنچنے پر آگ عمارت کی دونوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی، جبکہ شدید دھوئیں نے عمارت کے مختلف حصوں کو بھی متاثر کیا۔
فائر سروس کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، جبکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
آرٹ کوارٹر میں برمنگھم کا پہلا حلال فوڈ کورٹ رواں سال مارچ میں کھولا گیا تھا۔ انتظامیہ نے اس منصوبے کا مقصد مختلف کمیونٹیز کو قریب لانا اور معاشرتی رکاوٹوں کو کم کرنا قرار دیا تھا۔
عمارت میں حلال فوڈ کورٹ کے علاوہ صرف خواتین کے لیے مخصوص ہیئر سیلون بھی قائم ہے، جسے بالخصوص حجاب پہننے والی خواتین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔
اپریل میں آرٹ کوارٹر نے پانچ چھوٹے کاروباروں کو خصوصی موقع فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جس کے تحت انہیں 15 ماہ تک بل ادا کیے بغیر یہاں اپنا کاروبار چلانے کی سہولت دی جانی تھی۔
شدید آتشزدگی کے بعد آرٹ کوارٹر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ واقعے میں تمام افراد محفوظ رہے، تاہم عمارت کو بحالی کے لیے وقت درکار ہوگا۔
انتظامیہ نے مقامی کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی حمایت اور محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ دوبارہ تعمیر اور بحالی کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں واپس آئیں گے۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کی تحقیقات جاری ہیں۔
