تکبیر نیوز (ہٹیاں بالا): ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کے ممبران نے جہلم ویلی میں دینی و عصری تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم معروف تعلیمی ادارے جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم ندول شریف کا دورہ کیا، جہاں جامعہ کے سرپرست اعلیٰ و سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثیہ ندول شریف صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی نے صحافتی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
صحافتی وفد نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں شعبہ حفظ القرآن، شعبہ درسِ نظامی، کمپیوٹر سیکشن اور پرائمری، مڈل و ہائی کلاسز کے تعلیمی شعبہ جات شامل تھے۔ وفد کو ادارے میں دینی تعلیم کے ساتھ جدید عصری علوم، کمپیوٹر تعلیم اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے جاری سرگرمیوں اور تعلیمی نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی نے کہا کہ خطہ کشمیر میں ایسے تعلیمی اداروں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جہاں نئی نسل کو قرآن و سنت کی تعلیم، دینی شعور اور اسلامی اقدار کے ساتھ ساتھ جدید عصری علوم سے بھی آراستہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس اور خانقاہیں صدیوں سے قرآن و سنت کی تعلیم، عشقِ رسول ﷺ کے فروغ اور اسلامی اقدار کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتی آرہی ہیں، تاہم موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اس علمی و روحانی سلسلے کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
پیر سید ارشد حسین گیلانی کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں صرف دینی یا صرف عصری تعلیم کافی نہیں، بلکہ ایک متوازن نظامِ تعلیم کے ذریعے ایسی نسل تیار کرنے کی ضرورت ہے جو دین سے وابستگی کے ساتھ جدید دنیا کے تقاضوں کو سمجھنے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے علم کو بنیادی اہمیت دی ہے اور قرآن کریم کی پہلی وحی ہی علم و تعلیم کی عظمت کو اجاگر کرتی ہے۔ ان کے مطابق مدارس اور تعلیمی ادارے معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر کے مراکز ہیں۔
صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی نے کہا کہ جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم ندول شریف کا مقصد صرف طلبہ کو نصابی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں قرآن و سنت، سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور اسلامی تہذیب و اقدار سے روشناس کراتے ہوئے ایک ذمہ دار اور باکردار انسان بنانا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ ایمان کی روح اور مسلمان کی زندگی کا بنیادی سرمایہ ہے۔ نئی نسل کو سیرتِ طیبہ اور محبتِ رسول ﷺ سے وابستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، کیونکہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لیے امن، محبت، اخوت، برداشت اور حسنِ اخلاق کا بہترین نمونہ ہیں۔
دورے کے موقع پر صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی کی جانب سے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کے ممبران کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ صحافتی وفد کو جناب رسولِ اکرم ﷺ سے منسوب موئے مبارک کی زیارت کا شرف بھی حاصل ہوا۔ اس روح پرور موقع پر حاضرین نے عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام پیش کیا اور حضور اکرم ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔
صحافتی وفد میں محمد عارف کشمیری، محمد اسلم مرزا، مبارک حسین اعوان، محمد زاہد اعوان، سید انصار نقوی، سید عمر کاظمی، ظاہر ہمدانی، سید عدنان فاطمی، قاضی عزیز احمد اور عامر شیخ شامل تھے۔
صحافتی وفد نے جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم ندول شریف میں دینی و عصری تعلیم کے امتزاج، طلبہ کی تربیت، جدید تعلیمی سہولیات اور عشقِ رسول ﷺ کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں کو سراہا۔
وفد کا کہنا تھا کہ جہلم ویلی سمیت پورے خطہ کشمیر میں ایسے اداروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے جو نئی نسل کو علم، کردار، دین اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی تہذیبی و دینی شناخت سے بھی جوڑے رکھیں۔
اس موقع پر انجمن تاجران کے سابق صدر سید فیصل گیلانی اور قاضی فدا الرحمان بھی موجود تھے۔
