تکبیر نیوز (لوٹن): لوٹن میں پولیس فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کو زندگی بدل دینے والے زخم آنے کے بعد پولیس واچ ڈاگ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
فائرنگ کا واقعہ منگل کو برطانوی وقت کے مطابق تقریباً 12:50 بجے کارڈیگن اسٹریٹ میں ایک گھر پر پیش آیا، جہاں مسلح پولیس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گولیاں چلائیں۔
بیڈفورڈ شائر پولیس کے مطابق اہلکاروں کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ گھر میں ایک شخص چاقو کے ذریعے ایک خاتون کو دھمکا رہا ہے۔ پولیس کے پہنچنے سے قبل خاتون کو چاقو کے وار سے زخمی کیا جاچکا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے مرد اور خاتون دونوں کی حالت جان لیوا نہیں تھی اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بیڈفورڈ شائر پولیس کی ڈیٹیکٹو چیف سپرنٹنڈنٹ زارا براؤن نے کہا کہ افسران نے پیش آنے والے واقعے پر فوری طور پر کارروائی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق زخمی شخص کو موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ پولیس کی نگرانی میں زیرِ علاج ہے۔
واقعے کے بعد انڈیپنڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ (IOPC) نے پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بیڈفورڈ شائر پولیس نے کہا ہے کہ IOPC کی تحقیقات کے حوالے سے مزید معلومات دستیاب ہونے پر فراہم کی جائیں گی۔
