ڈڈلی: برطانیہ کے شہر ڈڈلی میں ایک 80 سالہ بزرگ کو دن دہاڑے ڈسٹرکشن تھیفٹ (توجہ ہٹا کر چوری) کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے دو مشتبہ افراد کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 3 اگست کو صبح 11:58 بجے ڈڈلی ہائی اسٹریٹ پر پیش آیا۔ بزرگ اپنی موبیلٹی واکر کے ساتھ جا رہے تھے کہ اسی دوران دو افراد ان کے قریب آئے اور موقع پاکر واکر پر رکھا رقم سے بھرا شاپنگ بیگ چرا کر فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ حکام سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں، مقامی کاروباری افراد سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ متاثرہ بزرگ کو بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
مشتبہ افراد کی تفصیلات
پولیس کے مطابق:
- پہلا مشتبہ شخص چھوٹے سیاہ بالوں والا تھا اور اس نے گہرے رنگ کا لمبا ٹاپ اور ٹریک سوٹ پہنا ہوا تھا۔
- دوسرا مشتبہ شخص سرمئی رنگ کی لمبی آستین والی شرٹ، سیاہ بیس بال کیپ، ٹریک سوٹ، نیلے رنگ کے جوتے پہنے ہوئے تھا، اس کی ہلکی داڑھی تھی اور اس کے پاس بڑا سیاہ بیگ بھی موجود تھا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے، جس کے بعد عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی ان دونوں افراد کو شناخت کرتا ہے یا واقعے سے متعلق معلومات رکھتا ہے تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔
