لیورپول: برطانیہ کے شہر لیورپول میں واقع بلیک اسٹاک مارکیٹ کے روف ٹاپ گارڈن میں لگنے والی آگ کے بعد منیجنگ ڈائریکٹر پال بلیئر نے عوام کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا دھچکا ضرور ہے، لیکن وہ اس سے بھی سنبھل جائیں گے۔
مرسی سائیڈ فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق آگ پیر 3 اگست کی صبح 2:57 بجے بلیک اسٹاک اسٹریٹ، ووکس ہال میں واقع تفریحی مقام کی چھت پر لگی۔ چار فائر انجن اور ایک ایریل یونٹ موقع پر پہنچے اور تقریباً 4:14 بجے آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عمارت کے ڈھانچے کو ممکنہ نقصان کے خدشے کے باعث فائرفائٹرز کو کچھ وقت بعد چھت سے واپس بلا لیا گیا۔
بلیک اسٹاک مارکیٹ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ روف گارڈن پورے 2026 تک مرمت کے لیے بند رہے گا، جبکہ اس کے نیچے واقع تھیٹر بھی آگ سے متاثر ہوا ہے۔
اپنے بیان میں پال بلیئر نے کہا:
"الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے کہ ہم اس واقعے سے کتنے دکھی ہیں، لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہماری ٹیم اور فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی نے بڑے نقصان کو قابو میں رکھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ روف گارڈن اور متاثرہ تھیٹر بند رہیں گے، تاہم بلیک اسٹاک مارکیٹ اور ہاٹ واٹر کامیڈی کلب کے دیگر حصے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور بیشتر پروگرام شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
پال بلیئر نے لیورپول کے شہریوں، صارفین اور مقامی کاروباری افراد کی جانب سے ملنے والی حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فون مسلسل پیغامات اور کالز سے مصروف رہا، جس سے انہیں احساس ہوا کہ بلیک اسٹاک مارکیٹ مختصر وقت میں شہر کے لیے کتنی اہم جگہ بن چکی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی آزاد کاروباروں کی حمایت جاری رکھیں اور بڑی چینز کے بجائے مقامی کیفے، ریستوران، دکانوں اور تفریحی مقامات کا انتخاب کریں۔
