ڈیون: برطانیہ کی کاؤنٹی ڈیون کے علاقے یوفورڈ (Yeoford)، جو کریڈیٹن (Crediton) کے قریب واقع ہے، میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے کے بعد بالکونی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس اور فائر سروس کے مطابق اتوار 2 اگست کو دوپہر تقریباً 1:40 بجے آکس کلوز (Oxclose) میں واقع ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع پر ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
ریسکیو کارروائی کے دوران گھر کی بالکونی سے ایک شخص کی لاش ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی باضابطہ شناخت ابھی باقی ہے، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق وہ مقامی رہائشی تھا اور اس کی عمر تقریباً 50 برس تھی۔
ڈیون اینڈ کارن وال پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ مشتبہ نہیں سمجھا جا رہا۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں تاکہ متاثرہ خاندان کی رازداری برقرار رہے اور تفتیشی کارروائی متاثر نہ ہو۔
