گلوچسٹر: برطانیہ کے شہر گلوچسٹر میں ایک کار مرکزی سڑک کے ساتھ قائم سائیکل ٹریک پر جا چڑھی، جہاں ایک سائیکلسٹ معمولی فرق سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔
یہ واقعہ 23 جولائی کو چیلٹنہم روڈ، لانگ لیونز (Cheltenham Road, Longlevens) میں پیش آیا، جس کی ویڈیو ایک گزرنے والی گاڑی کے ڈیش کیم میں محفوظ ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرخ رنگ کی کار Esso پٹرول اسٹیشن سے نکلنے کے بعد کافی فاصلے تک سائیکل ٹریک پر چلتی رہی۔ اس دوران ایک سائیکلسٹ حیرت سے پیچھے مڑ کر گاڑی کو دیکھتا رہا، جبکہ کار بعد میں اولڈ چیلٹنہم روڈ (Old Cheltenham Road) کی جانب مڑ گئی۔
ویڈیو شیئر کرنے والے شخص نے بتایا کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ان کے مطابق اس نے معاملہ پولیس کو رپورٹ نہیں کیا، تاہم اس کا کہنا تھا کہ پٹرول اسٹیشن کے اخراج پر راستے کا ڈیزائن کچھ حد تک الجھن پیدا کرتا ہے اور اگر وہاں بولارڈ (Bollard) نصب کیا جائے تو ایسے واقعات روکے جا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے رائے دی کہ ممکنہ طور پر ڈرائیور نے غلطی سے سائیکل ٹریک کو سڑک سمجھ لیا تھا، جبکہ کچھ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اس راستے پر اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔
یہ سائیکل ٹریک جون 2025 میں گلوچسٹر شائر کاؤنٹی کونسل نے مکمل کیا تھا اور یہ مستقبل میں اسٹراؤڈ، گلوچسٹر، چیلٹنہم اور بشپز کلیو کو ملانے والے 26 میل طویل سائیکل روٹ کا حصہ بنے گا۔
گلوچسٹر شائر کاؤنٹی کونسل کے کابینہ رکن برائے پائیدار ٹرانسپورٹ اور روڈ سیفٹی، راجر وائبورن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیدل چلنے والوں، وہیل چیئر استعمال کرنے والوں اور سائیکلسٹوں کے لیے مخصوص راستوں پر گاڑی چلانا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے تمام ڈرائیوروں سے ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
