لیورپول: برطانیہ کے شہر لیورپول کے ایک ہوٹل میں 40 سالہ خاتون مردہ حالت میں ملنے کے بعد پولیس نے ایک مرد اور ایک خاتون کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح تقریباً 3:20 بجے نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کی اطلاع پر وائٹ اسٹار لائن ہوٹل پہنچا گیا، جہاں اطلاع ملی تھی کہ ایک 40 سالہ خاتون کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔
پیرامیڈکس نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔ پولیس نے خاتون کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کر دیا ہے۔
ابتدائی طور پر پولیس اس موت کو پراسرار قرار دے رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ٹاکسیالوجی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، اس لیے پوسٹ مارٹم کے نتائج فی الحال جاری نہیں کیے گئے۔
تحقیقات کے سلسلے میں کرکبی سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ شخص اور لیورپول کی 34 سالہ خاتون کو قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 31 سالہ ایک اور شخص کو ملزم کی معاونت کرنے کے شبے میں حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں افراد کو مشروط ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد وائٹ اسٹار لائن ہوٹل کے باہر پولیس کی فرانزک ٹیم کی گاڑیاں بھی دیکھی گئیں، جہاں شواہد اکٹھے کیے گئے۔
