لیورپول (تکبیر نیوز) برطانیہ کے شہر لیورپول میں اپنی اہلیہ پر مبینہ قاتلانہ حملے کے مقدمے میں 50 سالہ لوڈن شاگونا (Louden Chagona) نے اقدامِ قتل کے الزام سے انکار کر دیا۔
لیورپول کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران ملزم نے، مترجم کی مدد سے، اپنے خلاف عائد الزام کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے مقدمے کی باقاعدہ سماعت 9 نومبر سے شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کو عدالتی تحویل میں رکھنے کی ہدایت برقرار رکھی۔
استغاثہ کے مطابق واقعہ 17 مئی کو ٹیوبروک کے علاقے سنیفیل ایونیو میں پیش آیا، جہاں تیس سالہ خاتون ابیگیل چنورواڈزا کو سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ان کی حالت بہتر ہونے پر انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد لوڈن شاگونا کو گرفتار کر کے اقدامِ قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
عدالت کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت 3 ستمبر جبکہ ٹرائل 9 نومبر سے شروع ہوگا۔
