تکبیر نیوز — کیمبرج شائر:
برطانیہ کے علاقے کیمبرج شائر میں 100 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے والے ایک ڈرائیور کو خطرناک ڈرائیونگ اور حد رفتار سے تجاوز کرنے پر پولیس نے رپورٹ کر دیا ہے۔
کیمبرج شائر پولیس کے مطابق واقعہ 30 جون کو A141 شاہراہ پر واربوائز کی جانب پیش آیا، جہاں پولیس کی رورل کرائم ایکشن ٹیم نے مذکورہ ڈرائیور کو انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ ڈرائیور نے ایک غیر محفوظ اوورٹیک بھی کی، جس کے باعث سامنے سے آنے والی گاڑی کے ساتھ آمنے سامنے تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔
حکام کے مطابق ڈرائیور کی تمام حرکات پولیس کے کیمروں میں محفوظ ہو گئیں، جس کے بعد اسے خطرناک ڈرائیونگ اور حد رفتار سے تجاوز کے الزامات کے تحت رپورٹ کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ رپورٹ کیے جانے کے بعد معاملے کی مزید تحقیقات کی جائیں گی اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کو قانونی کارروائی کے لیے نوٹس آف انٹینڈڈ پراسیکیوشن جاری کیا جائے گا۔
کیمبرج شائر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ صرف 100 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار ہی خطرناک نہیں تھی بلکہ اس کے بعد کی گئی غیر محفوظ اوورٹیک نے دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جان بھی شدید خطرے میں ڈال دی۔
