تکبیر نیوز — ریڈہل:
برطانیہ کے علاقے ریڈہل میں ٹیسکو ایکسپریس کے عقب میں واقع کچرا رکھنے کی جگہ پر آگ لگنے کے واقعے کے بعد 11، 13 اور 14 سال کی عمر کے تین لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ، 26 جون کی رات تقریباً 9:40 بجے کینال سائیڈ، ریڈہل میں پیش آیا، جہاں ٹیسکو ایکسپریس کے عقب میں موجود بن اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی۔
آگ نے شدت اختیار کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ ٹیسکو اسٹور اور اس کے قریب واقع رہائشی فلیٹس کو بھی نمایاں نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے 11، 13 اور 14 سالہ تین لڑکوں کو انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے کی نیت سے آتش زنی کے شبے میں گرفتار کیا۔
بعد ازاں تینوں کو مزید تفتیش تک مشروط پولیس ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ضمانت کی شرائط میں کرفیو اور ایک دوسرے سے رابطہ نہ رکھنے کی پابندی شامل ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعہ دیکھا ہو یا اس وقت کی سی سی ٹی وی، ڈور بیل یا موبائل فون کی ویڈیو موجود ہو تو وہ تحقیقات میں تعاون کے لیے پولیس سے رابطہ کرے۔
