تکبیر نیوز چیچہ وطنی: رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال میں سرور فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے پہلے فری آرتھوپیڈک سرجری، پروستھیٹکس، آرتھوٹس اور مصنوعی اعضا کیمپ کے کامیاب اختتام پر ایک پروقار تقریبِ تشکر منعقد ہوئی، جس میں علاج مکمل کرنے والے تقریباً 100 خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ اُن ڈاکٹرز، ڈونرز، رضاکاروں اور منتظمین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جن کی انتھک محنت اور تعاون سے یہ عظیم فلاحی منصوبہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق گورنر پنجاب اور سرور فاؤنڈیشن کے بانی چوہدری محمد سرور اور سرور فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن و سابق فرسٹ لیڈی پنجاب مسز پروین سرور تھے، جنہوں نے کہا کہ معاشرے کے خصوصی بچوں کی خدمت انسانیت کی اعلیٰ ترین خدمت ہے اور سرور فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے گی۔
تقریب میں امریکہ سے آئے معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر وحید اکبر اور برطانیہ سے تشریف لانے والے معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر امجد گلزار شیخ نے بھی شرکت کی اور کیمپ کی کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
اس فلاحی منصوبے میں رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر عامر بشیر اور ان کی پوری ٹیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں، انتظامی امور اور دن رات کی محنت کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
اس کے علاوہ کیمپ کی کامیابی میں خدمات انجام دینے والے دیگر ڈاکٹرز اور طبی عملے میں ڈاکٹر طیب، ڈاکٹر انعم، ڈاکٹر قمر اقبال، ڈاکٹر زیشا خالد، ڈاکٹر شمیلہ ظفر، ڈاکٹر عامر زہیب، خدیجہ فیاض، آصف محمود، افضل علی طاہر اور دیگر ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے خصوصی بچوں کے علاج، معائنے، سرجری اور بحالی کے مراحل میں بھرپور کردار ادا کیا۔
تقریب میں مخیر حضرات اور ڈونرز کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پر گولڈن پرل چیچہ وطنی کے مالک شیخ عابد محمود نے آئندہ منعقد ہونے والے فری میڈیکل کیمپ کے لیے 30 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا، جس پر شرکاء نے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں رائے محمد اقبال، ڈاکٹر وحید اکبر، ڈاکٹر امجد گلزار شیخ، ڈاکٹر عامر بشیر، چوہدری امجد ظفر، شیخ عبدالغنی، راؤ اسلم، رانا محمد اجمل سمیت متعدد سماجی شخصیات، ڈاکٹرز، ڈونرز، معززینِ شہر اور والدین نے شرکت کی۔
والدین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ایسے فری میڈیکل کیمپ اُن خاندانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جن کے بچے مالی مشکلات کے باعث مہنگا علاج نہیں کرا سکتے۔ انہوں نے سرور فاؤنڈیشن، رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال، تمام ڈاکٹرز، ڈونرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے نہ صرف ان کے بچوں کو بہتر زندگی دی بلکہ ان کے گھروں میں امید کی نئی کرن بھی روشن کی۔
تقریب کے اختتام پر علاج مکمل کرنے والے خصوصی بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ ڈاکٹرز، ڈونرز اور رضاکاروں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے فلاحی طبی منصوبے آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور خصوصی بچوں کو جدید اور مفت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
