تکبیر نیوز — لندن:
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے ہاؤنسلو میں نائٹ بس پر ہونے والے چاقو حملے میں جاں بحق ہونے والے 22 سالہ نوجوان کی شناخت ہارون حسن کے نام سے کر لی گئی ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق واقعہ منگل، 30 جون کو رات تقریباً 1:50 بجے پیش آیا، جب ہیتھرو ایئرپورٹ جانے والی N9 نائٹ بس پر باتھ روڈ (A4) کے قریب ہارون حسن پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور لندن ایمبولینس سروس موقع پر پہنچیں، تاہم شدید زخمی ہارون حسن جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کے بعد پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر فرانزک ماہرین نے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ علاقے میں طویل پولیس کارڈن قائم رہا۔
ڈٹیکٹو چیف انسپکٹر پال والر نے کہا کہ پولیس اور طبی عملے نے متاثرہ نوجوان کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، جبکہ ان کی ہمدردیاں مقتول کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور پولیس کا خیال ہے کہ حملے کے وقت بس میں موجود متعدد مسافروں نے واقعہ دیکھا ہوگا۔
پولیس نے تمام عینی شاہدین، قریبی رہائشیوں اور کاروباری مراکز سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس سی سی ٹی وی، ڈور بیل کیمرہ یا موبائل فون کی کوئی فوٹیج موجود ہے تو فوری طور پر پولیس کے حوالے کریں۔
پولیس کے مطابق خبر لکھے جانے تک اس واقعے کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
