تکبیر نیوز، اسلام آباد: مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کی گئی ہے، جس سے ملک بھر کے شہریوں کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئی قیمت کے مطابق ڈیزل 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپوں پر صارفین نئی قیمتوں کے مطابق ایندھن حاصل کر سکیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں بھی کمی آ سکتی ہے، جس سے عام شہریوں کو بالواسطہ فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
عوامی حلقوں نے قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے مثبت اثرات روزمرہ استعمال کی اشیاء اور سفری اخراجات پر بھی نظر آئیں گے۔
