تکبیر نیوز، کراچی: کراچی میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، شہر ایک بار پھر افسوسناک سانحے کا گواہ بن گیا جہاں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 453 تک پہنچ گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ بلدیہ ٹاؤن کی نیول کالونی میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 10 سالہ ساحل موقع پر شدید زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا شخص بھی زخمی ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 10 سالہ ساحل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ حادثے میں ملوث ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمے کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔ صرف ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک 147 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان ہلاکتوں میں وین کی ٹکر سے 16، ڈمپر کی ٹکر سے 7، ٹریلر کی ٹکر سے 69، بس کی ٹکر سے 16 جبکہ واٹر ٹینکرز کی زد میں آ کر 39 افراد جاں بحق ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی ساڑھے 6 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 453 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ شہری حلقوں نے بڑھتے ہوئے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
