پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ شب پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اہلخانہ کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
Takbeer News کے مطابق اسلام آباد میں اسد قیصر اور محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رات کی تاریکی میں اسپتال لانے جیسے انداز کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک عام قیدی کو بھی طبی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے معاملے میں بنیادی انسانی اور قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے جا رہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی تھی، لیکن عدالتی حکم کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نومبر کے بعد سے بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جو نہ صرف غیر قانونی بلکہ غیر انسانی طرزِ عمل ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ فوری طور پر اس معاملے کی سماعت کرے اور انصاف فراہم کرے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بھی ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے اہلخانہ کو لاعلم رکھنے کی مذمت کی۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے بنیادی حقوق نہیں دیے جا رہے اور موجودہ حالات میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ملک ایک جمہوری ریاست کے بجائے کسی اور طرز کے نظام کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے اور سیاسی انتقام کی فضا ختم ہونی چاہیے۔
