ایرانی حملوں میں متاثر ہونے والی سعودی عرب کی بڑی آئل ریفائنری نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے، جس کے بعد یومیہ لاکھوں بیرل خام تیل کی پیداوار بحال ہو گئی۔
Takbeer News کے مطابق جبیل انڈسٹریل سٹی میں قائم اس اہم ریفائنری نے 14 اپریل سے دوبارہ پیداوار شروع کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل تکنیکی معائنے اور تنصیبات کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد کیا گیا، تاکہ پیداوار بحال کرتے وقت کسی قسم کے مزید خطرات سے بچا جا سکے۔
یہ ریفائنری 8 اپریل کو ایرانی حملوں کے باعث متاثر ہوئی تھی، جس میں پلانٹ کے 3 اہم یونٹس کو نقصان پہنچا تھا۔
حملے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر پورا پلانٹ فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا تاکہ عملے کی جانوں اور صنعتی تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
سعودی حکام کے مطابق بحالی کے بعد اب ریفائنری یومیہ 2 لاکھ 30 ہزار بیرل خام تیل کی پیداوار کر رہی ہے، جو ملکی توانائی نظام کیلئے اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ریفائنری کی بحالی نہ صرف سعودی توانائی شعبے کیلئے اہم ہے بلکہ عالمی تیل مارکیٹ میں استحکام کے لیے بھی مثبت اشارہ تصور کی جا رہی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کے شعبے پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، ایسے میں اس ریفائنری کا دوبارہ فعال ہونا ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
