امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کے خلاف متحدہ محاذ بنانے کی تیاری شروع کردی ہے جن میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے سربراہان کا خیر مقدم کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں دو روزہ اجلاس جمعرات سے شروع ہوگیا ہے جس میں جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک کے سربراہان مختلف موضوعات پر بات چیت کریں گے۔
اجلاس میں تجارت، بحری سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلیوں سمیت انسانی حقوق سے متعلق معاملات زیر غور آئیں گے جبکہ اس اجلاس کا مقصد بائیڈن انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اہداف میں سے ایک کو اجاگر کرنا بھی ہے جس میں چین کے خلاف متحدہ محاذ کی تشکیل بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اس اجلاس کو چین کے خلاف متحدہ محاذ کے طور پر دکھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ صدارتی امیدوار کے طور پر بھی جوبائیڈن نے چین کو اپنی خارجہ پالیسی کا مرکز بنانے کا وعدہ کیا تھا جبکہ چین کا اقتصادی اور عسکری سطح پر بڑھتا ہوا اثر و رسوخ امریکہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
دوسری جانب بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ ان دنوں صدر بائیڈن اور ان کی ٹیم کی تمام تر توجہ یوکرین پر مرکوز ہے تاہم صدر بائیڈن کی توجہ اب بھی چین پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر بائیڈن نہیں چاہتے کہ چین کا اثر و رسوخ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر بڑھے جس کی وجہ سے وائٹ ہاؤس نے جنوب ایشائی ممالک کے لیے تقریباً 150 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
سرمایہ کاری کے تحت امریکہ ان ممالک میں صاف توانائی کے منصوبون کے لیے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جبکہ بحری سیکیورٹی کے لیے 60 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا بھی وعدہ کیا ہے اور صحت کے شعبے میں 15 ملین ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
علاوہ ازیں امریکی صدر 20 سے 24 مئی کے دوران جاپان اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے جبکہ دورے کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں تاہم امریکی صدر اس دوران بھارت، آسٹریلیا اور جاپان کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔