اگنی پتھ اسکیم؛ درخواست دہندگان سے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا ثبوت مانگ لیا

17

اگنی پتھ اسکیم؛ درخواست دہندگان سے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا ثبوت مانگ لیا

اگنی پتھ اسکیم؛ درخواست دہندگان سے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا ثبوت مانگ لیا

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بھارت میں احتجاج جاری ہے جس کے بعد فوجی قیادت نے اس اسکیم میں درخواست دہندگان سے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا ثبوت مانگ لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں فوجی امور کے محکمے کے ایڈیشنل سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل انیل پوری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ درخواست دہندگان کو احتجاج میں شریک نہ ہونے کا ثبوت دینا ہوگا اور انہیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ انہوں نے اس اسکیم کے خلاف کسی بھی آتش زنی یا ایجی ٹیشن میں حصہ نہیں لیا ہے۔

فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بنیاد نظم و ضبط ہے، آتش زنی اور توڑ پھوڑ کی کوئی گنجائش نہیں لہذا اگنی پتھ اسکیم کے لیے درخواست دینے والے ہر فرد کو یہ سرٹیفکیٹ دینا ہوگا کہ وہ احتجاج یا توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی تصدیق 100 فیصد ضروری ہے اور اس کے بغیر کوئی بھی اس میں شامل نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ مسلح افواج کے لیے مرکز کی نئی بھرتی کی پالیسی ’اگنی پتھ‘ کے خلاف مظاہرے پورے ملک میں پھیل گئے ہیں جس کے بعد 20 ضعلوں میں انٹرنیٹ پر پابندی جبکہ 350 ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کئی ریاستوں میں مظاہرے کے دوران کئی پرتشدد واقعات بھی پیش آئے ہیں،  فی الحال ریاست بہار میں مظاہرین اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے بہار بند کی کال کے بعد بھارت بند کی کال دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: تحریک انصاف کی جیل بھروتحریک بغیر کسی گرفتاری کے ختم

بھارت بند کے اعلان کے پیش نظر آر پی ایف اور جی آر پی ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ آر پی ایف کے سینئر افسران نے تشدد میں ملوث مظاہرین کے خلاف سختی سے نمٹنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حکم نامے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تشدد کرنے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

 بھارت بند کے اعلان کے بعد آر پی ایف اور جی آر پی حکام نے کہا ہے کہ تمام علاقوں پر سخت نظر رکھی جائے گی، اگر کوئی مظاہرین تشدد میں ملوث ہوا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

 اس کے ساتھ ہی موبائل، کیمرہ، سی سی ٹی وی کے ذریعے تشدد کرنے والوں کے خلاف ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.