اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے آج منگل کے روز قحط کے شکار ملک جنوبی سوڈان کے لیے 426 ملین ڈالر کی امداد اپیل کر دی۔ اس افریقی ملک میں مسلسل خونریز تنازع اور سیلابوں کے باعث کئی لاکھ افراد پر مشتمل ایک بڑی آبادی کو بھوک کے مسئلے کا سامنا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مطابق جنوبی سوڈان میں فی الفور خوراک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو قحط کے اثرات اور بھوک سے بچایا جا سکے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسے مالی امداد کی کمی کے باعث جنوبی سوڈان میں امدادی اشیائے خوراک کی فراہمی جزوی طور پر معطل کرنا پڑ رہی ہے۔ اس نئی پیش رفت کے بعد وہاں ایک اعشاریہ سات ملین افراد کو درپیش فاقہ کشی کا خطرہ شدید تر ہو گیا ہے۔