NEPRA نے سولر لائسنسنگ کے معاملے پر اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق تمام آن گرڈ سولر نیٹ بلنگ صارفین کو نیپرا سے منظوری لینا ہوگی، تاہم آف گرڈ صارفین کا نیپرا کی منظوری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ 25 کلو واٹ سے کم کیپیسٹی والے کنکشنز کی منظوری کا اختیار پہلے تقسیم کار کمپنیوں کے پاس تھا۔
جبکہ نئے ریگولیشنز سے پہلے 25 کلو واٹ سے زائد کے سولر کنکشنز کی منظوری براہ راست نیپرا دیتی تھی۔
نیپرا کے مطابق آن گرڈ سولر کنکشن کیلئے صرف ایک مرتبہ ایک ہزار روپے فی کلو واٹ کے حساب سے فیس مقرر کی گئی ہے، جو ون ٹائم چارج ہے۔
ادارے نے اس تاثر کو بھی مسترد کر دیا کہ سولر سسٹمز پر کوئی نیا ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا حکام نے واضح طور پر کہا کہ سولر توانائی پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اضافی مالی بوجھ صارفین پر ڈالا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام صرف مستند معلومات پر یقین کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں تاکہ غلط فہمیوں سے بچا جا سکے۔
