یورپ کے دارالحکومت برسلز میں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید حریت پسند کشمیری رہنما چیئرمین محمد یاسین ملک کی رہائی کے مطالبے کیلئے بھارتی سفارتخانے کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں آزادی پسند کشمیریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یاسین ملک کی فوری رہائی کے مطالبات درج تھے، جبکہ فضا “رہا کرو، رہا کرو، یاسین ملک کو رہا کرو” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی آوازوں کو دبانے کیلئے غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ مظاہرین نے یورپی یونین اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ یاسین ملک سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جا سکے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک یاسین ملک کو رہائی نہیں ملتی، دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
