تکبیر نیوز (لندن): نائٹنگ ہل کارنیول سے گھر واپس جانے والے 32 سالہ شخص پر لیورپول اسٹریٹ انڈرگراؤنڈ اسٹیشن پر حملے کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ اتوار کی شب پیش آیا، جب متاثرہ شخص کارنیول سے واپسی کے لیے لیورپول اسٹریٹ اسٹیشن کے ایسٹ باؤنڈ سینٹرل لائن پلیٹ فارم پر ٹرین کا انتظار کر رہا تھا۔
ایمرجنسی سروسز کو رات 10 بج کر 51 منٹ پر اسٹیشن پر سنگین حملے کی اطلاع دی گئی۔ متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ یکم ستمبر کو اہل خانہ کی موجودگی میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے اہل خانہ کو خصوصی تربیت یافتہ افسران کی جانب سے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
38 سالہ جیریمیا میکسیمو پر مقتول کی موت سے قبل سنگین جسمانی نقصان پہنچانے، یعنی جی بی ایچ (GBH) کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم اب برٹش ٹرانسپورٹ پولیس اس الزام میں تبدیلی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔
برطانوی شہری میکسیمو کو حراست میں رکھا گیا ہے اور اسے بدھ کے روز ہائیبری کارنر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جانا ہے۔
برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے ڈیٹیکٹو سپرنٹنڈنٹ سیم بلیک برن نے کہا کہ پولیس کی ہمدردیاں مقتول کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ ہیں، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے ایسے تمام افراد سے سامنے آنے کی اپیل کی جو واقعے کے وقت وہاں موجود تھے، کچھ دیکھا ہو اور اب تک پولیس سے رابطہ نہ کیا ہو۔
عینی شاہدین یا معلومات رکھنے والے افراد 61016 پر پیغام بھیج سکتے ہیں یا 0800 40 50 40 پر کال کر سکتے ہیں۔ رابطے کے وقت حوالہ نمبر 799، 30 اگست بتانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ معلومات گمنام طور پر کرائم اسٹاپرز کو 0800 555 111 پر بھی دی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق اس سال نائٹنگ ہل کارنیول کے دوران 630 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اتوار کو، جو فیملیز ڈے تھا، 242 گرفتاریاں ہوئیں، جبکہ پیر کو بالغ افراد کے لیے مخصوص دن کے دوران 394 افراد گرفتار کیے گئے۔
کارنیول کی جانب آنے والے راستوں پر پولیس نے 193 گرفتاریاں کیں، جبکہ باقی گرفتاریاں کارنیول کے مرکزی علاقے میں ہوئیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ کارنیول کے دوران مجموعی طور پر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اس سال نائٹنگ ہل کارنیول کی 60ویں سالگرہ بھی منائی گئی، جس میں پریڈز، براہ راست موسیقی، اسٹریٹ فوڈ اور مختلف ساؤنڈ اسٹیجز شامل تھے۔
