تکبیر نیوز (اولڈ باسفورڈ، ناٹنگھم): اولڈ باسفورڈ میں لاری کی زد میں آکر 70 سال کی عمر کے ایک شخص جاں بحق ہوگئے۔
ایمرجنسی سروسز کو بدھ 2 ستمبر کی صبح 9 بجے سے کچھ دیر قبل بل ویل لین، اولڈ باسفورڈ میں حادثے کی اطلاع دی گئی۔
پولیس اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچے، جہاں 70 سال کی عمر کے شخص کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا، تاہم انہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
ڈیٹیکٹو سارجنٹ شارلٹ ہینسن نے کہا کہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور پولیس ایسے ہر شخص سے بات کرنا چاہتی ہے جو تحقیقات میں مدد فراہم کر سکتا ہو۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں متعدد افراد موجود تھے اور ممکنہ طور پر کئی عینی شاہدین بھی موجود ہیں۔ پولیس نے ان افراد سے اپیل کی ہے جنہوں نے ابھی تک کسی افسر سے رابطہ نہیں کیا کہ وہ سامنے آئیں۔
حکام نے ڈیش کیم یا کسی دوسرے ذریعے سے حادثے کی ویڈیو رکھنے والے افراد سے بھی پولیس سے رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
حادثے سے متعلق معلومات ناٹنگھم شائر پولیس کو 101 پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ رابطے کے وقت واقعہ نمبر 131، 2 ستمبر 2026 کا حوالہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
