صرف 10 ہفتے کی عمر میں دل بند، کامیاب سرجری کے بعد بچہ صحت یاب
تکبیر نیوز (ساؤتھمپٹن): برطانیہ میں صرف 10 ہفتے کی عمر میں دل بند ہونے کے بعد کئی ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے والے ننھے بچے مورگن کی دل کی سرجری کامیاب ہوگئی ہے، جبکہ ایک خیراتی ادارے نے علاج کے دوران اس کے خاندان کو رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرکے سہارا دیا۔
برطانوی اخبار ڈیلی ایکو کی رپورٹ کے مطابق مورگن، جسے گھر والے پیار سے MJ کہتے ہیں، 25 ستمبر 2025 کو پیدا ہوا تھا۔ پیدائش کے اگلے روز بظاہر صحت مند ہونے کے باعث اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم اس کی والدہ لوئس جاروی کو مسلسل تشویش رہی۔
بعد ازاں ہیلتھ وزیٹر نے بچے کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی، جہاں پہنچنے کے چند گھنٹوں کے اندر مورگن کو دل بند ہونے کا دورہ پڑا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کے دل میں ایک بڑا پیدائشی سوراخ تشخیص کیا، جسے طبی زبان میں وینٹریکولر سیپٹل ڈیفیکٹ (VSD) کہا جاتا ہے۔
مورگن کو ساؤتھمپٹن چلڈرنز اسپتال میں طویل علاج اور سرجری کی ضرورت پیش آئی۔ اس دوران اس کے والدین نے رونالڈ میکڈونلڈ ہاؤس ساؤتھمپٹن میں رہائش اختیار کی، جہاں انہیں اسپتال کے قریب رہنے کی سہولت میسر رہی۔
خاندان پہلی مرتبہ 7 دسمبر 2025 کو اس رہائشی مرکز میں ٹھہرا اور یکم جنوری تک وہاں رہا۔ چند ہفتوں بعد دوبارہ واپس آیا اور جون تک قیام کیا، کیونکہ مورگن کی سرجری اور دیگر پیچیدگیوں کا علاج جاری تھا۔
مورگن کی والدہ لوئس جاروی نے بتایا کہ خیراتی ادارے کا رہائشی مرکز ان کے لیے محض قیام کی جگہ نہیں تھا بلکہ وہاں کا عملہ خاندان کی طرح ان کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عملے کے افراد روزانہ ان کی خیریت دریافت کرتے اور مشکل وقت میں جذباتی مدد فراہم کرتے تھے۔
کرسمس کے موقع پر بھی ادارے نے خاندان کے لیے تحائف کا انتظام کیا، تاکہ اسپتال میں زیرِ علاج مورگن اور اس کے دیگر چار بہن بھائی بھی اس خوشی میں شریک ہو سکیں۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ مورگن کے دل کی سرجری کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے اور اس کی اسٹوما بھی ریورس کر دی گئی ہے۔ والدہ کے مطابق اب وہ کھا رہا ہے، کھیل رہا ہے، ہنس رہا ہے اور معمول کی خوشگوار سرگرمیوں کی طرف واپس آ رہا ہے۔
مورگن کے خاندان نے اپنی کہانی اس موقع پر شیئر کی ہے جب رونالڈ میکڈونلڈ ہاؤس یوکے نے کرسمس اپیل شروع کی ہے، جس کا مقصد اسپتالوں میں زیرِ علاج شدید بیمار بچوں کے خاندانوں کو اپنے بچوں کے قریب رہنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
