امریکہ میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے چھوٹی ٹرکنگ کمپنیوں کا کاروبار خطرے میں
تکبیر نیوز (امریکہ): امریکہ میں ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے چھوٹی ٹرانسپورٹ اور ٹرکنگ کمپنیوں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔ ایران امریکہ جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار کمپنیوں پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق 16 نومبر 2026 کے ہفتے میں امریکہ میں ڈیزل کی قومی اوسط قیمت 5.94 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی، جو جنگ سے پہلے کی قیمت کے مقابلے میں تقریباً 56 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں ڈیزل کی قیمت 6.53 ڈالر فی گیلن کی ریکارڈ سطح تک بھی پہنچ چکی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھوٹی ٹرکنگ کمپنیاں بڑی کمپنیوں کے مقابلے میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنے کی کم صلاحیت رکھتی ہیں۔ بڑی کمپنیوں کے پاس زیادہ مالی وسائل، ایندھن کی بڑی مقدار خریدنے پر رعایت اور طویل مدتی معاہدوں کی سہولت موجود ہوتی ہے، جبکہ چھوٹے کاروباری مالکان کو ہر سفر کے اخراجات خود برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
امریکی ریاست منی سوٹا کی کمپنی اوٹو ٹرانسفر کے مالک کیون اوٹو نے ایندھن کی بچت کے لیے اپنے ڈرائیوروں کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی۔ تاہم قیمتیں مسلسل بڑھنے کے بعد انہیں پہلی مرتبہ ہر ٹرک کے کرائے پر فیول سرچارج عائد کرنا پڑا، جو بعد میں بڑھ کر 12.5 فیصد تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق بعض ٹرک مالکان کو سامان کی ترسیل کے کرائے کی رقم وصول کرنے میں 30 سے 90 دن لگ جاتے ہیں، جبکہ ایندھن کے اخراجات فوری ادا کرنا پڑتے ہیں۔ اس تاخیر سے چھوٹے کاروباروں کے لیے نقد رقم کا انتظام مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کی ڈیزل قیمتوں پر روزانہ 500 میل سفر کرنے والا ایک ٹرک، جو اوسطاً چھ میل فی گیلن چلتا ہے، تقریباً 521 ڈالر کا ایندھن استعمال کرتا تھا، جبکہ فروری میں یہی خرچ تقریباً 310 ڈالر تھا۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انشورنس، گاڑیوں کی مرمت، ٹول ٹیکس اور دیگر اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بعض کمپنیوں کے مالکان نے اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹرک فروخت کیے، جبکہ دیگر زیادہ منافع بخش سامان کی ترسیل کے آرڈر منتخب کرنے پر مجبور ہیں۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کو توقع ہے کہ اگلے سال ڈیزل کی قیمتوں میں کچھ کمی آسکتی ہے، تاہم عالمی ایندھن کی فراہمی اور سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ماہرین اور ٹرکنگ کمپنیوں کے مالکان کے مطابق اگر ایندھن کی قیمتیں بلند رہیں اور ترسیل کے کرائے اس رفتار سے نہ بڑھ سکے تو چھوٹی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
