ساؤتھ ویلز میں 14 سالہ لڑکی کا قتل، لاش پر چاقو کے 55 زخم
تکبیر نیوز (بلائینا): برطانیہ کے علاقے ساؤتھ ویلز میں 14 سالہ اسکول طالبہ للی جونز کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا ہے کہ لڑکی کو مبینہ طور پر ایک 14 سالہ لڑکے نے چاقو کے تقریباً 55 وار کرکے قتل کیا اور اس کی لاش قریبی جنگلاتی علاقے میں چھوڑ دی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق للی جونز 20 جون 2026 کو اپنے گھر والوں کو یہ بتا کر باہر نکلی تھی کہ وہ کچھ دیر میں واپس آجائے گی، تاہم وہ گھر نہ لوٹی۔ اہل خانہ نے اسی رات پولیس سے رابطہ کیا، جس کے بعد اس کی تلاش شروع کردی گئی۔
دو روز بعد 22 جون کو اس کی لاش ساؤتھ ویلز کے قصبے بلائینا میں ڈفرین پارک کے قریب ایک جنگلاتی علاقے سے ملی۔ استغاثہ نے نیوپورٹ کراؤن کورٹ کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران لڑکی کے جسم پر تقریباً 55 زخم پائے گئے، جن میں چہرے، جبڑے، سینے اور گردن پر چاقو کے وار شامل تھے۔
پراسیکیوٹر اینا پوپ کے مطابق للی اور ملزم ایک دوسرے کو جانتے تھے اور کئی ماہ سے پیغامات کے ذریعے رابطے میں تھے۔ دونوں نے واقعے کی رات ملاقات طے کی تھی۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ لڑکی کو معلوم ہوا تھا کہ لڑکا ایک دوسری لڑکی سے بھی تعلق رکھتا ہے اور دونوں لڑکیوں نے اس سے اس معاملے پر بات کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں للی کو واقعے کی شام تقریباً 6 بج کر 50 منٹ پر ملزم کے ساتھ ڈفرین پارک کی سمت جاتے دیکھا گیا۔ استغاثہ کے مطابق وہ آخری شخص تھا جسے للی کے ساتھ دیکھا گیا۔
تحقیقات کے دوران مقتولہ کے ناخنوں کے نیچے ملزم کا ڈی این اے بھی ملا، جبکہ اس کے بیڈروم سے ملنے والی کیمپنگ چاقو پر بھی للی کے ڈی این اے اور خون کے آثار پائے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے بازو پر خراشیں بھی دیکھی گئی تھیں۔
ملزم نے ابتدا میں پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے للی سے ملاقات کا منصوبہ بنایا تھا لیکن وہ نہیں آئی۔ بعد میں اس نے تسلیم کیا کہ وہ اس سے ملا تھا، تاہم اس کا مؤقف تھا کہ للی کسی دوسرے شخص سے ملنے چلی گئی تھی اور اسے زندہ چھوڑ کر آیا تھا۔ اس نے قتل کے الزام سے انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کسی دوسرے شخص نے اس کے جانے کے بعد لڑکی کو قتل کیا۔
چونکہ ملزم کی عمر صرف 14 سال ہے، اس لیے قانونی وجوہات کی بنا پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔ مقدمے کی سماعت نیوپورٹ کراؤن کورٹ میں جاری ہے اور اس کے تقریباً چار ہفتے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
