**تکبیر نیوز (لندن):** برطانیہ میں مشہور ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA 6) بنانے والی کمپنی راک اسٹار گیمز کے سسٹم کو ہیک کرکے گیم کی 90 ویڈیوز لیک کرنے والے 21 سالہ ہیکر آریون کرتاج کو سات سال قید کی سزا سنا دی گئی، تاہم وہ سزا سنائے جانے کے روز ہی جیل سے رہا ہو گیا۔
سٹی آف لندن پولیس کے مطابق آریون کرتاج، جو سائبر کرائم گروپ Lapsus$ کا رکن تھا، نے 16 نومبر 2026 کو وول وچ کراؤن کورٹ میں چھ الزامات کا اعتراف کیا تھا۔ اسے 23 نومبر کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے پہلے سے محفوظ اسپتال اور حراست میں گزارے گئے وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا نو سال سے کم کرکے سات سال مقرر کی، جس کے بعد اسے لائسنس پر رہا کر دیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق کرتاج نے راک اسٹار گیمز کے علاوہ برطانوی ٹیلی کام کمپنیوں بی ٹی اور ای ای، مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی ریولوٹ اور آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنی اوبر کو بھی سائبر حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
ستمبر 2022 میں آکسفورڈ شائر کے علاقے بائیسٹر میں ایک ٹریولاج ہوٹل میں قیام کے دوران اس نے موبائل فون، ہوٹل کے وائی فائی اور فائر اسٹک کی مدد سے راک اسٹار گیمز کے نظام تک رسائی حاصل کی۔ اس نے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی 90 ویڈیوز چوری کرکے TeaPotUberHacker کے نام سے آن لائن لیک کیں اور گیم کا سورس کوڈ جاری کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
کرتاج نے بی ٹی اور ای ای کے سسٹمز میں بھی مداخلت کی تھی، جس کے نتیجے میں صارفین کے موبائل نمبرز کی غیر مجاز سم تبدیلیوں کا مسئلہ سامنے آیا۔ اوبر پر حملے کے نتیجے میں کمپنی کو 2.8 ملین ڈالر سے زائد کے اخراجات برداشت کرنا پڑے۔
عدالتی کارروائی کے دوران کرتاج نے فراڈ، کمپیوٹر مس یوز ایکٹ کے تحت جرائم اور جیل میں موبائل فون رکھنے سمیت چھ الزامات کا اعتراف کیا۔
جج مسٹر جسٹس ٹرنر نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت نوجوان ہے اور اسے اپنی صلاحیتیں ضائع نہیں کرنی چاہئیں۔
سٹی آف لندن پولیس کے مطابق اب پولیس، تھیمز ویلی پولیس کے ساتھ مل کر اس کے خلاف پانچ سالہ سیریس کرائم پریونشن آرڈر حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس حوالے سے حتمی پابندیوں کو نافذ شدہ قرار دینے کی تصدیق تاحال سرکاری پولیس رپورٹ میں نہیں کی گئی۔
