ایم 6 موٹروے پر منشیات سمیت پکڑا گیا ڈیلر ساڑھے پانچ سال کے لیے جیل
تکبیر نیوز (اسٹافورڈ): برطانیہ میں ایم 6 موٹروے پر پولیس کی کارروائی کے دوران منشیات سمیت گرفتار ہونے والے 27 سالہ شخص کو پانچ سال سات ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم پرنس کولی (Prince Kollyi) کا تعلق برمنگھم سے ہے۔ اسے 9 ستمبر 2026 کو اسٹافورڈ کے علاقے میں ایم 6 موٹروے پر ایک آڈی گاڑی روک کر کی گئی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ گاڑی منشیات کی سپلائی میں استعمال ہو رہی ہے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے گاڑی سے 160 پاؤنڈ نقد رقم اور تین موبائل فون برآمد کیے۔ ملزم گاڑی میں بطور مسافر سوار تھا، جسے حراست میں لے کر تلاشی لی گئی تو اس کے زیرِ جامہ سے تقریباً 300 پاؤنڈ مالیت کی کوکین اور ہیروئن برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران تمام سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا، تاہم شواہد جمع کرنے کے بعد اس نے عدالت میں کلاس اے منشیات کو سپلائی کرنے کی نیت سے رکھنے کے دو الزامات کا اعتراف کر لیا۔
پرنس کولی کو 20 نومبر 2026 کو اسٹافورڈ کراؤن کورٹ نے پانچ سال اور سات ماہ قید کی سزا سنائی۔
اسٹافورڈشائر پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
