ایان ہنٹلی کا جیل میں قتل، ساتھی قیدی نے قتلِ خطا کا اعتراف کر لیا
تکبیر نیوز (لندن): برطانیہ میں دو کمسن بچیوں کے قتل میں سزا یافتہ ایان ہنٹلی کو جیل میں تشدد کرکے ہلاک کرنے کے مقدمے میں ایک ساتھی قیدی نے قتلِ خطا کا اعتراف کر لیا ہے، تاہم اس نے قتل کے سنگین الزام کو مسترد کر دیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 44 سالہ انتھونی رسل نے پیر 23 نومبر کو نیوکاسل کراؤن کورٹ میں ایان ہنٹلی کی ہلاکت کے سلسلے میں قتلِ خطا (Manslaughter) کا اعتراف کیا، تاہم اس نے قتل (Murder) کے الزام سے انکار کرتے ہوئے اپنی ذہنی ذمہ داری میں کمی کو دفاع کی بنیاد بنایا۔
پراسیکیوٹر میتھیو بین کے مطابق انتھونی رسل نے 26 فروری 2026 کو شمالی انگلینڈ کی فرینک لینڈ جیل میں دھاتی راڈ سے ایان ہنٹلی کے سر پر بار بار وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ یہ ایک سوچا سمجھا اور بے رحمانہ قتل تھا۔
ایان ہنٹلی 52 سال کا تھا اور وہ 2002 میں کیمبرج شائر کے علاقے سوہام میں 10 سالہ ہولی ویلز اور جیسیکا چیپمین کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ ان دونوں بچیوں کے قتل کا مقدمہ برطانیہ میں بڑے پیمانے پر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا تھا۔
انتھونی رسل کو اکتوبر 2020 میں تین افراد کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ایان ہنٹلی کے ماضی کے جرائم پر لوگوں کے غصے اور نفرت کو سمجھا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ مقدمہ اس کے ماضی کے جرائم کے بجائے اس کی موت کے حالات سے متعلق ہے۔
رائٹرز کے مطابق انتھونی رسل کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ ماہ دسمبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
