پرتگال میں کشتی پارٹی کے دوران لاپتا ہونے والے برطانوی نوجوان کی موت، خاندان 9 ماہ سے تحقیقات کے نتائج کا منتظر
تکبیر نیوز (لزبن، پرتگال):
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کشتی پر منعقدہ پارٹی کے دوران لاپتا ہونے والے 23 سالہ برطانوی نوجوان جولین امرال (Julian Amaral) کی موت کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا، جبکہ اس کے اہل خانہ کو پرتگالی حکام نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے نتائج کے لیے مزید چھ سے نو ماہ انتظار کرنے کا بتایا ہے۔
جولین امرال کا تعلق برطانیہ کے علاقے ہائی ویکمب، بکنگھم شائر سے تھا۔ وہ یکم ستمبر 2026 کو اپنے خاندان کے ساتھ دو شادیوں میں شرکت کے لیے پرتگال گیا تھا، جہاں وہ لزبن میں ایک کشتی پارٹی میں شریک ہوا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جولین کے بارے میں خیال ظاہر کیا گیا کہ وہ پارٹی کے دوران کشتی سے پانی میں گر گیا تھا۔ اس کی لاش پانچ روز بعد لزبن کی بندرگاہ کے پانی سے ملی تھی۔
جولین کی 29 سالہ بہن کیسی امرال نے برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگالی حکام کے ساتھ رابطے کے طریقہ کار پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق خاندان کو بتایا گیا ہے کہ پرتگال میں کیے گئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ حاصل کرنے میں چھ سے نو ماہ لگ سکتے ہیں۔
کیسی کا کہنا ہے کہ پرتگال اور برطانیہ دونوں میں پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے، تاہم خاندان کو اب تک تحقیقات کے حوالے سے خاطر خواہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے اپنے بھائی کو انتہائی محبت کرنے والا، مہربان اور خوش مزاج انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے اس کی گمشدگی اور موت کا صدمہ آج بھی ناقابلِ بیان ہے۔
خاندان نے واضح کیا ہے کہ وہ اس مفروضے کو قبول نہیں کرے گا کہ جولین محض پھسل کر پانی میں گر گیا تھا۔ ان کے مطابق جب تک کسی دوسرے امکان یا حفاظتی انتظامات کی ناکامی کو مکمل طور پر خارج نہیں کیا جاتا، وہ حقیقت جاننے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
اس معاملے میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب کشتی پارٹی کا انتظام کرنے والی کمپنی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے خاندان کو بتایا کہ جولین کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔
اس اطلاع کے بعد خاندان نے متعلقہ حکام سے فوٹیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جولین کے ساتھ کشتی پر آخری لمحات میں کیا پیش آیا تھا۔
خاندان کے وکیل نے بھی درخواست دی ہے کہ انہیں پرتگال کی تحقیقات میں باضابطہ طور پر معاون فریق کی حیثیت دی جائے، تاکہ وہ پراسیکیوٹر کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شواہد اور تحقیقات کے ممکنہ پہلوؤں پر اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔
وکیل کی جانب سے پہلے ہی تحقیقات کے لیے مختلف سوالات اور تجاویز پیش کی جا چکی ہیں، جن پر پرتگالی پولیس اور پراسیکیوٹر کو فیصلہ کرنا ہے۔
دی انڈیپنڈنٹ نے اس معاملے پر پرتگالی پولیس سے بھی مؤقف طلب کیا ہے۔
جولین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مقصد صرف یہ جاننا ہے کہ نوجوان کشتی پارٹی میں شرکت کے بعد کس طرح اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
