اسلام گڑھ پولیس کی کارروائی، منشیات کیس کا روپوش ملزم گرفتار
تکبیر نیوز (میرپور): تھانہ پولیس اسلام گڑھ نے منشیات کے مقدمے میں مطلوب روپوش ملزم کو کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ میرپور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ پولیس اسلام گڑھ محمد ارشد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس ٹیم نے منشیات کے مقدمے میں مطلوب ڈرگ ڈیلر اور روپوش ملزم عدیل احمد ولد شبیر حسین، قوم راجپوت، ساکن چک چکسواری کو ریڈ کے دوران گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم وقوعے کے بعد نامعلوم مقام پر روپوش ہو گیا تھا۔
میرپور پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، قانون کی عمل داری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
