اسلام آباد میں مکان پر چھاپہ، 800 کلوگرام مبینہ ممنوعہ گوشت، گدھے، کتے اور نایاب جانور برآمد
تکبیر نیوز (اسلام آباد): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان سے تقریباً 800 کلوگرام مشکوک اور مبینہ طور پر ممنوعہ جانوروں کا گوشت برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران گدھوں، کتوں، کچھوؤں اور دیگر جنگلی جانوروں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے مکان سیل کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے 16 نومبر کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے تھانہ گولڑہ کی حدود میں واقع سیکٹر ڈی 14 کے ایک مکان پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ مارا۔
حکام کے مطابق مکان میں مبینہ طور پر ممنوعہ جانوروں کے گوشت کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی ترسیل کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات موصول ہوئی تھیں۔
چھاپے کے دوران مکان سے تقریباً 800 کلوگرام گوشت برآمد ہوا، جس کے بارے میں ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ یہ گدھوں اور کتوں کا گوشت ہوسکتا ہے۔
مکان کی تلاشی کے دوران 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، پانچ زندہ کتے، 17 زندہ کچھوے، چار مردہ کچھوے، ایک گیڈر اور ایک زندہ پینگولین بھی برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق برآمد ہونے والے گوشت اور جانوروں کی خریدوفروخت، نقل و حمل یا ذخیرہ کرنے سے متعلق کوئی قانونی ریکارڈ، لائسنس یا متعلقہ انتظامیہ کا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر برآمد شدہ تقریباً 800 کلوگرام گوشت کو مقررہ حفاظتی طریقہ کار کے تحت تلف کردیا۔
کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے زندہ جانوروں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا گیا، جبکہ متعلقہ مکان کو سیل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق چھاپے کے وقت مکان میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، اس لیے موقع سے کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
تھانہ گولڑہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور متعلقہ ادارے اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ مکان میں گوشت اور جانور کس مقصد کے لیے رکھے گئے تھے اور ان کی ممکنہ ترسیل میں کون سے افراد ملوث ہوسکتے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات میں ممنوعہ گوشت کی غیر قانونی فروخت اور سپلائی کے شبہات سامنے آئے ہیں، تاہم گوشت کی حتمی نوعیت اور اسے کن مقامات پر فراہم کیا جانا تھا، اس بارے میں مصدقہ تفصیلات جاری نہیں ہوئیں۔
حکام نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی شناخت اور ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔
