تکبیر نیوز (جارجیا): امریکی ریاست جارجیا کے شہر اسٹاک برج کی سٹی کونسل نے 23 سالہ میئر جیڈن ولیمز (Jayden Williams) کو 18 سالہ ہائی اسکول طالب علم کے ساتھ مبینہ نامناسب رابطوں، سرکاری کریڈٹ کارڈ کے استعمال اور ملازمین سے متعلق شکایات کی تحقیقات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
اٹلانٹا کے نواح میں واقع اسٹاک برج کی سٹی کونسل نے کئی گھنٹے جاری رہنے والی سماعت کے بعد ولیمز کو عہدے سے ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا۔
ولیمز شہر کی تاریخ کے کم عمر ترین میئر تھے اور دو ماہ قبل ہونے والے انتخاب میں سابق میئر انتھونی فورڈ کو شکست دینے کے بعد جنوری میں عہدہ سنبھالا تھا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ولیمز کے خلاف تحقیقات میں ایک 18 سالہ ہائی اسکول طالب علم کے ساتھ ان کے رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
رپورٹس میں الزام لگایا گیا کہ ولیمز نے طالب علم کو شہر کی معاونت سے انٹرن شپ اور رہنمائی کی پیشکش کی، جبکہ اسی دوران مبینہ طور پر ایسے ذاتی اور جنسی نوعیت کے پیغامات بھی بھیجے جو میئر اور طالب علم کے پیشہ ورانہ تعلق سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
سماعت کے دوران ولیمز سے مبینہ طور پر موصول ہونے والی برہنہ تصاویر اور پیغامات کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔ ولیمز نے جواب دیا کہ ان کی عمر کے لوگوں کیلئے اس نوعیت کے پیغامات یا تصاویر غیر معمولی بات نہیں۔
تحقیقات میں میئر کو جاری کیے گئے سرکاری کریڈٹ کارڈ کے استعمال کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کارڈ سے 35.79 ڈالر کے سنیما ٹکٹ، 63.83 ڈالر کی پولو فیکٹری اسٹور خریداری اور 322.92 ڈالر کی پینڈورا خریداری کی گئی۔
ولیمز نے مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری کارڈ کا استعمال غلطی سے ہوا کیونکہ وہ ان کے ذاتی کریڈٹ کارڈ سے ملتا جلتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بعد میں رقم شہر کو واپس کردی تھی۔
تحقیقاتی عمل کے دوران ولیمز پر دفتر میں ناموافق ماحول پیدا کرنے اور بعض ملازمین کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات بھی سامنے آئے۔ ان میں دفتر کے تالے تبدیل کرنے، عملے کو دروازے کے نیچے سے دستاویزات پہنچانے پر مجبور کرنے، ملازمین پر چلانے اور ایک عبوری سٹی کلرک سے مبینہ دھمکی آمیز انداز اختیار کرنے کے دعوے شامل تھے۔
ولیمز نے سماعت کے دوران تالے تبدیل کروانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تالوں میں چابیاں اکثر پھنس جاتی تھیں۔
اسٹاک برج حکام نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ شہر کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت کارروائی مکمل ہونے کے بعد میئر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ولیمز کے وکیل رابرٹ کینر نے کونسل کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ شواہد کی بنیاد پر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب عبوری میئر ایلٹن الیگزینڈر نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم ان کے مطابق آزاد تفتیش کار رچرڈ ہائیڈ کی تحقیقات میں سامنے آنے والے نتائج کے بعد کونسل کیلئے کارروائی ضروری ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ ولیمز کے خلاف بیان کردہ معاملات میں متعدد نکات الزامات اور تحقیقاتی دعوؤں پر مبنی ہیں، جن میں سے بعض کی انہوں نے تردید یا وضاحت کی ہے، البتہ سٹی کونسل کی جانب سے انہیں میئر کے عہدے سے ہٹانے کی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔
