تکبیر نیوز (کارڈف): برطانیہ کے شہر کارڈف میں ہائی پاور ای بائیکس کے غیر قانونی اور سماج دشمن استعمال کے خلاف گشت کرنے والے سادہ لباس پولیس افسر کو ای بائیک سے ٹکر مارنے والے 25 سالہ نوجوان کو 21 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔
ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق واقعہ 11 اگست کو رات 8 بجے کے کچھ دیر بعد کارڈف کے علاقے کیرو میں امروتھ روڈ پر پیش آیا، جہاں پولیس کو ایک پیدل شخص اور سر رون (Sur-Ron) الیکٹرک آف روڈ بائیک کے درمیان تصادم کی اطلاع ملی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ ٹکر لگنے والا شخص ڈیوٹی پر موجود سادہ لباس پولیس افسر تھا، جو علاقے میں ہائی پاور الیکٹرک بائیکس کے غیر قانونی اور سماج دشمن استعمال سے متعلق شکایات کے بعد گشت کررہا تھا۔
واقعے کے بعد کیرو سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ جیک فرنانڈیز کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ، انشورنس کے بغیر گاڑی چلانے، ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے، فروخت کی نیت سے بھنگ رکھنے اور بھنگ کی کاشت کے الزامات عائد کیے گئے۔
فرنانڈیز نے اپنے خلاف عائد الزامات میں جرم قبول کرلیا۔
جمعہ 11 ستمبر کو کارڈف کراؤن کورٹ نے اسے 21 ماہ قید کی سزا سنائی، جبکہ اس پر 21 ماہ کیلئے ڈرائیونگ پابندی بھی عائد کردی گئی۔
کارڈف میں غیر قانونی ای بائیکس اور ای اسکوٹرز کا استعمال پولیس اور مقامی انتظامیہ کیلئے ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے، جس کے خلاف شہر بھر میں باقاعدگی سے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق اگست 2025 سے اب تک 800 سے زائد غیر قانونی مشینی گاڑیاں ساؤتھ ویلز پولیس اور کارڈف کونسل کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں ضبط کی جاچکی ہیں۔
