تکبیر نیوز (مرسی سائیڈ): نو سال قبل کرسمس کے روز خطرناک ڈرائیونگ کے دوران اپنے کزن کی موت کا سبب بننے والا 32 سالہ کارل تھامس کلیٹن (Carl Thomas Clayton) ایک بار پھر پولیس کو مطلوب ہے، جبکہ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ وہسٹن میں جولائی میں ہونے والے ایک سنگین حملے کی تحقیقات میں بھی اہم معلومات فراہم کرسکتا ہے۔
مرسی سائیڈ پولیس کے مطابق کلیٹن کو جیل سے رہائی کے بعد عائد لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی پر دوبارہ جیل بھیجنے کیلئے تلاش کیا جارہا ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ وہسٹن کے سنگین حملے کے سلسلے میں کلیٹن کو ملزم قرار نہیں دے رہی بلکہ افسران کا خیال ہے کہ اس کے پاس ایسی معلومات ہوسکتی ہیں جو تحقیقات میں مدد دے سکیں۔
کلیٹن اس سے قبل 25 دسمبر 2017 کو پیش آنے والے ایک جان لیوا حادثے کے مقدمے میں سزا پاچکا ہے۔
عدالت کو اس وقت بتایا گیا تھا کہ کلیٹن پولیس کے تعاقب کے دوران اولڈ سوان کے علاقے میں انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے 99 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار پر پہنچ گیا تھا۔
بعد ازاں گاڑی پریسکاٹ روڈ اور شافٹس بری ٹیرس کے قریب بس اسٹاپ اور ٹریفک لائٹس سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے بعد کلیٹن اور اس کے کزن 34 سالہ تھامس کلیٹن کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک بچے کے والد تھامس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
کارل کلیٹن نے بعد میں لیورپول کراؤن کورٹ میں خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے موت کا سبب بننے کا جرم قبول کرلیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ حادثے میں شامل گاڑی سڑک پر چلانے کے قابل حالت میں نہیں تھی۔ گاڑی کے پہیوں سے بعض نٹ غائب تھے جبکہ پچھلا ایک ٹائر بھی بری طرح گھسا ہوا تھا، تاہم ان خرابیوں کو حادثے کی براہ راست وجہ قرار نہیں دیا گیا تھا۔
عدالت میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ کلیٹن پہلے ہی ڈرائیونگ کیلئے نااہل قرار دیا جاچکا تھا اور اس کا ڈرائیونگ ریکارڈ انتہائی خراب تھا۔
جج نے اس کی ڈرائیونگ کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے اسے سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس پر ڈرائیونگ کی پابندی بھی عائد کی گئی اور مستقبل میں دوبارہ گاڑی چلانے کیلئے اسے ایڈوانس ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کی شرط کا سامنا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا تھا کہ حادثے سے قبل تھامس نے اپنے کزن سے درخواست کی تھی کہ وہ اسے اسٹافورڈ شائر سے مرسی سائیڈ لے جائے تاکہ وہ کرسمس کے موقع پر اپنے کم عمر بیٹے سے مل سکے۔
دونوں لیورپول پہنچنے کے بعد لیورپول میٹروپولیٹن کیتھیڈرل بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے وفات پا جانے والے رشتہ داروں کیلئے دعا کی اور موم بتیاں روشن کی تھیں۔
اب مرسی سائیڈ پولیس نے کلیٹن کی تلاش کیلئے عوام سے مدد مانگی ہے۔
پولیس کے مطابق کارل کلیٹن سفید فام، تقریباً 5 فٹ 10 انچ قد، درمیانے جسم، سرمئی آنکھوں اور گہرے بھورے بالوں کا حامل ہے، جبکہ اس کے اینفیلڈ اور وہسٹن کے علاقوں سے روابط ہیں۔
کلیٹن کو دیکھنے یا اس کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد سے 101 پر رابطہ کرنے اور حوالہ نمبر 26000613148 فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ معلومات گمنام طور پر Crimestoppers: 0800 555 111 پر بھی دی جاسکتی ہیں۔
